وائناڈ ، 26/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے عوام کے نام ایک خاص خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے ان کی ہمت، باہمی تعاون اور سماجی اقدار کی تعریف کی ہے۔ یہ خط ملیالم اور انگریزی میں تحریر کیا گیا ہے اور اسے وائناڈ کے ہر گھر تک پہنچایا جائے گا۔ پرینکا نے اپنے بھائی راہل گاندھی کے ساتھ وائناڈ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے چورامالا اور منڈکّے میں زمین کھسکنے کے واقعات کے بعد عوام کے صبر اور حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کمیونٹی نے باہمی تعاون اور انسانیت کی اعلیٰ اقدار کی حقیقی مثال پیش کی، جس نے ان کے دلوں کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے دوران انہوں نے معصوم بچوں، ماؤں، اور خاندانوں کو دیکھا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، مگر اس کے باوجود یہ کمیونٹی صبر و تحمل سے کام لیتی رہی۔ ڈاکٹر، رضاکار، سماجی کارکن، اساتذہ، نرسیں اور گھریلو خواتین نے ایک دوسرے کی مدد کے لیے جو جذبہ دکھایا، اس نے انہیں دل سے متاثر کیا۔
پرینکا گاندھی نے خط میں لکھا کہ وائناڈ کے عوام کی بے پناہ محبت اور راہل گاندھی کے ساتھ ان کے جذباتی تعلق نے ان کو اس مقام پر پہنچایا کہ وہ خود کو ان کا نمائندہ بننے کے لیے اہل تصور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں پیش کریں گی اور عوامی نمائندہ کے طور پر ان کی زندگیوں اور مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کریں گی۔
پرینکا گاندھی نے وائناڈ کی زراعتی اور قبائلی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے کام کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پرینکا نے وائناڈ کے لوگوں کو اس سفر میں اپنے استاد اور رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی راہنمائی میں عوام کی خدمت کا عزم رکھتی ہیں۔
پرینکا گاندھی نے امید ظاہر کی کہ وائناڈ کے عوام انہیں پارلیمنٹ میں نمائندہ بنانے کا موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، انصاف اور آئین کی اقدار کے لیے ان کا عزم زندگی کا مرکز ہے اور عوام کے تعاون سے وہ ان اصولوں کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔